آپ ملک لوٹیں، ہم نوٹس لینا بند کر دیں، عمران خان نوٹس لینے کیلئے آیا ہے: شاہ محمود

Last Updated On 29 June,2020 03:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے آپ ملک لوٹیں، منی لانڈرنگ کریں، ہم نوٹس لینا بند کر دیں، عمران خان نوٹس لینے کیلئے آیا ہے، عوام نے مینڈیٹ دیا، وزیراعظم کسی کی خواہش پر استعفیٰ نہیں دیں گے۔

قبل ازیں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا وزیر اعظم نے جس چیز کا بھی نوٹس لیا اس کی قیمتیں بڑھ گئیں، بہتر ہے عمران خان قرنطینہ میں چلے جائیں، ملک کا بیڑا غرق کر دیا گیا، یہ نالائق اور نا اہل ہیں، کام نہیں کرسکتے، جعلی ڈگری والا کیسے پائلٹس کو جعلی قرار دے سکتا ہے، پائلٹ اور سول ایوی ایشن کی عالمی سطح پر کردار کشی کی گئی، پائلٹ کو کورونا کے دوران زبردستی جہاز پر چڑھایا گیا۔

بلاول بھٹو نے کہا لوگوں کو بے روزگار کرنا کس قسم کا ریلیف ہے، تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہ کرنا ظلم ہی ہوتا ہے، حکومت کی کورونا کے حوالے سے کوئی واضح پالیسی نہیں ہے، یہ کیسے اپنے آپکو تحریک انصاف کہتے ہیں کہ عوام پر پیٹرول بم گرا دیا، ہم ہر فورم پر پیٹرولیم مصنوعات اضافے کو چیلنج کریں گے، فائدہ حکومت نہیں تیل کمپنیوں کو ہوا ہے۔
 

Advertisement