لاہور: (دنیانیوز) لاہور میں سیل کیے گئے 7 علاقے آج رات 12 بجے کھول دیئے جائیں گے، متاثرہ علاقوں میں ایک، ایک ہزار سمارٹ ٹیسٹ سیمپلنگ کرائی گئی، 10 روز میں اندرون شہر 4 اور گلبرگ سے 5 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔
ذرائع کے مطابق ماڈل ٹاؤن، ڈی ایچ اے، گلشن راوی، فیصل ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن میں بھی کیسز کی تعداد انتہائی کم آئی، کورونا کیسز کی تعداد میں نمایاں کمی کے باعث علاقوں کو مکمل کھولنے پر اتفاق کیا گیا، 24 جون کو شہر کے 7 بڑے علاقے مکمل بند کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال کے مطابق 30 جون کو مزید 3 روز کیلئے علاقے بند رکھنے کی توسیع دی گئی، پہلے 3 ہزار 613 مریض رپورٹ ہوئے، اب کیسز کی تعداد انتہائی کم ہے، علاقے کھولنے کے بعد کاروباری سرگرمیاں پیر سے بحال ہوں گی، سمارٹ لاک ڈاون کی پالیسی شہریوں کیلئے موثر ثابت ہوئی ہے۔
دانش افضال کا کہنا ہے شہر کے مختلف علاقوں میں سمارٹ ٹیسٹ سمپلنگ جاری ہے، مزید علاقوں کو سمارٹ لاک ڈاون کرنے بارے فیصلہ کابینہ کمیٹی کرے گی ، شہریوں سے اپیل ہے احتیاط برتیں، ہمارا ساتھ دیں، غیر ضروری گھروں سے باہر نہ جائیں۔