کراچی: (دنیا نیوز) کمشنر کراچی نے سمارٹ لاک ڈاؤن کے اختیارات ڈپٹی کمشنرز کے سپرد کر دئیے، ضلع غربی میں دو ہفتے کیلئے اور ملیر میں 5 روز کیلئے توسیع کر دی گئی، دیگر چار اضلاع میں ابھی فیصلہ نہ ہوسکا۔
ڈپٹی کمشنر ملیر کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گلشن حدید فیز ون، ٹو، سب ڈویژن بن قاسم میں 3 سے 7 جولائی تک سخت لاک ڈاؤن رہے گا۔ ضلع غربی میں 3 سے 17 جولائی تک پابندیاں رہیں گی۔
سونگل، کیماڑی، سعید آباد، میٹروول، داتا نگر اور مجاہد آباد کی یوسیز میں کئی علاقے سیل رہیں گے، اس دوران دودھ کی دکانیں، میڈیکل سٹورز، گوشت کی دکانیں اور چھوٹے جنرل سٹورز ایس او پی کے تحت کھولنے کی اجازت ہوگی۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 21 ہزار 896 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 78 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 4 ہزار 551 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 87 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 78 ہزار 956، سندھ میں 89 ہزار 225، خیبر پختونخوا میں 27 ہزار 170، بلوچستان میں 10 ہزار 666، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 524، اسلام آباد میں 13 ہزار 195 جبکہ آزاد کشمیر میں ایک ہزار 160 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 13 لاکھ 50 ہزار 773 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 22 ہزار 941 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک ایک لاکھ 13 ہزار 623 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 479 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 78 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 4 ہزار 551 ہوگئی۔ پنجاب میں ایک ہزار 819، سندھ میں ایک ہزار 437، خیبر پختونخوا میں 983، اسلام آباد میں 129، بلوچستان میں 122، گلگت بلتستان میں 28 اور آزاد کشمیر میں 33 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔