لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ حکومت کو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں، وزیراعظم عمران خان کی ایمانداری پر انکے مخالفین بھی انگلی نہیں اٹھا سکتے۔
گورنر پنجاب سے انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے وفد نے گورنرہاوس میں ملاقات کی، وفد سے گفتگو میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو ہر معاملے میں روڑے اٹکانے کی عادت ختم کرنی چاہیے، ہم ملک سے کرپشن، مہنگائی اور دیگر مسائل مائنس کر رہے ہیں، مشکل حالات میں وفاقی اور صوبائی حکومت نے ٹیکس فری بجٹ دیا ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ اتحادی حکومت کیساتھ ہیں، اپوزیشن صبر کیساتھ عام انتخابات کا انتظار کرے، چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ تحر یک انصاف کے نوجوان ہماری سب سے بڑی طاقت ہیں، انصاف ٹائیگرز فورس کے جوان انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں، عام انتخابات میں کیے جانیوالے وعدوں کو انشاء اللہ پورا کیا جا ئے گا۔