لاہور: (دنیا نیوز) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جعلی لائسنس پر بڑا ایکشن لیتے ہوئے تحقیقات مکمل ہونے پر 34 پائلٹس کے لائسنس معطل کر دئیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ان پائلٹس کی فہرست جاری کر دی ہے جن کے لائسنس معطل کئے گئے ہیں۔ سی اے اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر لائسنسینگ نے معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ انکوائری مکمل ہونے تک پائلٹس کے لائسنس معطل رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ‘جعلی لائسنس والے پی آئی اے کے 28 پائلٹس کو فارغ کردیا گیا’
خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز نے کہا تھا کہ پی آئی اے کے جعلی لائسنس کے حامل 28 پائلٹس کو نوکری سے نکال دیا گیا ہے۔
انہوں نے یہ انکشاف وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پائلٹس کے معاملے پر رپورٹ پیش کی گئی تھی۔ پائلٹس کے تمام تر مشکوک لائسنس پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں جاری کیے گئے۔ پی آئی اے کے جعلی لائسنس والے 28 پائلٹس کو نوکری سے نکال دیا گیا ہے۔