محترمہ فاطمہ جناح کی قومی خدمات پاکستانیوں کے دلوں پر آج بھی نقش

Last Updated On 09 July,2020 06:09 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی دست راست مادرملت محترمہ فاطمہ جناح کی 53 ویں برسی آج پورے قومی جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

محترمہ فاطمہ جناح خوش گفتار، خوش مزاج، مشفق، ڈھلتی عمر میں بھی متحرک، بلا کی مقرر، جوش وجذبہ ایسا کہ ہر دیکھنےوالا رشک کرے اور عزم وہمت کا پہاڑ تھیں۔

محترمہ فاطمہ جناح نے قیام پاکستان کی تحریک میں ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔ مسلمان خواتین میں تحریک آزادی کی شمع روشن کرنے کا سہرا بھی ان ہی کے سر ہے۔

فاطمہ جناح، قائداعظم محمد علی جناح کے سیاسی مشن کو پورا کرنے کے لیے قدم بقدم پر ان کے ساتھ رہیں۔ انہوں نے قیام پاکستان کی جدوجہد میں نمایاں کردار ادا کیا۔

قیام پاکستان کے بعد مہاجرین کی آباد کاری جیسا اہم کام بھی اپنی نگرانی میں انجام دیا گیا۔ انہوں نے ویمن ریلیف کمیٹی قائم کی اور پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کی بنیاد رکھی۔

فاطمہ جناح کی انتھک محنت اور خدمت کی وجہ سے انہیں مادر ملت کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ وہ 9 جولائی 1967ء کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملی تھیں۔ ان کی آخری آرام گاہ بھی مزار قائد سے متصل ہے۔