اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چئیرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کراچی الیکٹرک الیکٹرک سپلائی کمپنی کیخلاف عوامی شکایات کا نوٹس لے لیا ہے۔
تفصیل کے مطابق چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کے الیکٹرک کے خلاف عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ اور اربوں روپے کی اووربلنگ پر انکوائری کا حکم دیدیا ہے۔
چئیرمین نیب کی جانب سے کے الیکٹرک کی جانب سے حکومت سے کیے معاہدے کی مکمل پاسداری نہ کرنے کی انکوائری کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
انہوں نے کے الیکٹرک کے خلاف تین ماہ میں انکوائری مکمل کرنے اور اس کیساتھ کئے گئے معاہدوں کی تفصیلات حاصل کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ خیال رہے کہ کے الیکٹرک پر عوام سے اووربلنگ کی مد میں اربوں روپے کی رقوم ہتھیانے کا بھی الزام ہے۔
ادھر وفاق کی مداخلت اور بڑی یقین دہانیوں کے باوجود کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی میں طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ شہری بجلی کی بندش سے تنگ آ چکے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی چوری، فالٹس اور لوڈ مینجمنٹ کے نام پر گھنٹوں بجلی کی بندش ہو رہی ہے۔
کراچی مختلف علاقوں میں 8 سے دس گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ معمول ہے جبکہ فالٹس کے نام پر پورا پورا دن عوام کو بجلی سے محروم کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق چئیرمین جاوید اقبال کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نیب ایک قومی ادارہ ہے جو قانون کے مطابق فرائض سر انجام دینے پر یقین رکھتا ہے۔ کے الیکٹرک کو اووربلنگ کرکے اربوں روپے ہتھیانے کی اجازت نہیں دیں گے جبکہ غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ اور معاہدے کی پاسداری نہ کرنے کی اجازت بھی نہیں دی جا سکتی۔ نیب بلا تفریق احتساب پر یقین رکھتا ہے۔