بھارت ہی خطے کے امن میں رکاوٹ ہے، ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی

Last Updated On 16 July,2020 06:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ کلبھوشن یادیو نے پاکستان میں تخریبی کارروائیوں کا اعتراف کیا۔ خطے کے امن میں رکاوٹ بھارت ہی ہے اور خطے کے امن واستحکام کو متاثر کر رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ بھارت نے عالمی عدالت سے کلبھوشن یادیو کی رہائی کیلئے رابطہ کیا۔ اسے 2016ء میں بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اس نے پاکستان میں تخریبی کارروائیوں کا اعتراف کیا۔ خطے کے امن میں رکاوٹ بھارت ہی ہے اور خطے کے امن واستحکام کو متاثر کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم وبربریت کا بازار گرم ہے۔ عالمی برادری وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ بھارتی فوج جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن سے کشمیریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ عالمی میڈیا کو بھی کشمیریوں کیخلاف بھارتی ظلم کیخلاف آواز اٹھانی چاہیے۔

عائشہ فاروقی نے بتایا کہ کورونا وائرس کے باعث بیرون ملک سے پاکستانیوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ حکومت کی طرف سے بیرون ملک سے آئے پاکستانیوں کے ساتھ تعاون کیا جا رہا ہے۔
 

Advertisement