اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے۔ نیب وائٹ کالر کرائمز اور میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پُرعزم ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ 2017ء نیب میں اصلاحات کا سال تھا۔ نیب کی ادارہ جاتی خامیوں، آپریشنز اور پراسیکیوشن سمیت تمام شعبوں کا تجزیہ کرکے ادارے کو فعال بنایا گیا ہے۔
چیئرمین نیب کے مطابق نیب کو 2019ء میں 53 ہزار 643 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 42 ہزار 760 کو نمٹا دیا گیا ہے۔ 1308 شکایات کی جانچ پڑتال کی گئی، 1686 انکوائریوں اور 609 انویسٹی گیشن کو بھی نمٹایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 2018ء میں نیب کو 48 ہزار 591 شکایات موصول ہوئیں اور ان میں سے 41 ہزار 414 کو نمٹایا گیا۔ نیب نے ایک سال کے دوران بدعنوان عناصر سے 141 ارب 54 کروڑ روپے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے۔ شکایات میں اضافہ سے نیب پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہوتا ہے۔