لاہور: (دنیا نیوز) فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور بلاول ایک دوسرے پر اعتماد کرنے سے گریزاں ہیں، پہلے ہی بتا دیا تھا کہ یہ ایک نہیں ہوسکتے، پیش گوئیاں سچ ثابت ہونے پر اپوزیشن مجھے سیاسی ولی تسلیم کر لے۔
وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا ایک دوسرے کی قیادت پر عدم اعتماد کے اظہار نے میری پیشن گوئی سچ ثابت کر دی، حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے اور پانی سے پکوڑے تلنے میں زمین آسمان کا فرق ہے، تحریک کے اعلان سے پہلے ہی اپوزیشن کی صفوں میں انتشار حسرت ہے مجھے ان غنچوں پر جو بن کھلے مرجھا گئے کے مصداق ہے۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا پنجاب کابینہ کے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کے بعد بزدار حکومت مضبوط تر ہے، عثمان بزدار پر اعتماد کی وجہ ان کی انتظامی صلاحیتیں اور بہترین کارکردگی ہے، ن لیگ کے گزشتہ دس سالہ دور میں پنجاب پاور ڈیویلپمنٹ کمپنی نے 350 ملین روپے کا نقصان اٹھایا، گزشتہ سال پی پی ڈی سی نے تقریباً 193 ملین اور رواں سال تقریباً 217 ملین روپے منافع کمایا، یہ منافع گزشتہ برس کی نسبت تقریباً 12.4 فیصد زیادہ ہے۔