اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے سینئر بھارتی سفارتکار کو طلب کرکے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر شدید احتجاج کیا۔ 28 جولائی کو بھارتی فوج کی فائرنگ سے 3 معصوم شہری زخمی ہوئے، جان بوجھ کر سول آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فائرنگ سے زخمی ہونیوالوں میں فریدہ بی بی، عالم بی بی اور سفیر شامل ہیں۔ بھارتی فوج ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر مسلسل سول آبادیوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج معصوم شہریوں کو بھاری توپ خانے اور خود کار اسلحے سے نشانہ بنا رہی ہے۔ بھارتی فوج رواں برس اب تک 1823 بار خلاف ورزیاں کر چکی ہے۔ بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 14 شہری شہید اور 138 زخمی ہو چکے ہیں۔