لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے بارشی پانی کی انڈر گراؤنڈ سٹوریج پراجیکٹ کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انڈر گراؤنڈ سٹوریج کے منصوبے دیگر شہروں میں بھی شروع کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ لاہور کے ساتھ پنجاب کے بڑے شہروں میں بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے انڈر گراؤنڈ ٹینک بنائے جائیں گے، ذخیرہ کئے گئے پانی کو ہارٹیکلچر کیلئے استعمال کیا جائے گا، بارش کے پانی کو صاف کر کے پینے کے قابل بھی بنایا جا سکے گا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا لاہور میں 14 لاکھ گیلن پانی ذخیرہ کرنے کیلئے انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینک بنایا ہے، لیرک کالونی سے گلشن راوی تک نئی سیوریج لائن بچھائی جائے گی، اس منصوبے پر 14 ارب روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے، لاہور میں سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کیلئے کام کر رہے ہیں، اس منصوبے پر تقریباً 21 ارب روپے خرچ ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا لاہور میں ہارٹیکلچر اکیڈمی بنائیں گے، اکیڈمی میں ہارٹیکلچر کے بارے میں تربیت دی جائے گی، نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت گھروں کی تعمیر کے منصوبے کو جلد شروع کیا جائے، اس ضمن میں نجی شعبے کو ہر ضروری سہولت فراہم کی جائے گی، آب پاک اتھارٹی کے تحت پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے۔