اسلام آباد: (دنیا نیوز) دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں صوبے کے انتظامی امور سمیت فلاحی منصوبوں، پارٹی امور اور کورونا کنٹرول کیلئے اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیراعظم کو صوبے کی سیاسی صورتحال اور اتحادی جماعتوں کے ساتھ تعلقات پر بھی بریفنگ دی جبکہ کورونا کنٹرول کرنے کیلئے پنجاب حکومت کے اقدامات بارے بھی آگاہ کیا جبکہ آئندہ بلدیاتی انتخابات اور پارٹی امور سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔
دوسری جانب وزیراعظم سے گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ محمود خان نے بھی ملاقات کی جس میں صوبے کی مجموعی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوا۔
صوبائی قیادت کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو کورونا وبا کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا جبکہ عید الاضحیٰ کے موقع پر کورونا کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے مویشی منڈیوں اور دیگر قواعد وضوابط کے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔