لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں آٹے کی دستیابی مقرر کردہ قیمت پر یقینی بنانے کا حکم دیدیا۔ صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی، محکمہ خوراک اور انتظامیہ آٹے کے تھیلے کی مقرر کردہ قیمت پر فروخت یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات اٹھائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا صوبہ بھر میں آٹے کی دستیابی مقرر کردہ قیمت پر یقینی بنانے کا حکم، انہوں نے مارکیٹ میں آٹے کی سپلائی کو بہتر بنانے کی ہدایت کر دی۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوام کو حکومتی نرخ پر آٹا تھیلا کی دستیابی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کروں گا۔
وزیراعلی نے ہدایت کی کہ آٹے کے تھیلے کی سرکاری قیمت پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جائے، اس ضمن میں ہر ضروری انتظامی اقدام اٹھا کر رپورٹ وزیراعلیٰ آفس پیش کی جائے۔
انہوں نے حکم دیا ہے کہ آٹا ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے، ذخیرہ اندوز مافیا کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا۔ محکمہ خوراک کے حکام اور انتظامی آفیسرز فیلڈ میں نکلیں، مارکیٹوں میں صورتحال کا جائزہ لیا جائے۔ پنجاب میں وافر گندم کے سٹاک موجود ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے آٹے کی قیمتوں میں استحکام کیلئے فلور ملوں کو قبل از وقت گندم کا اجراء یقینی بنایا۔ سرکاری گندم کی پسائی کے باوجود آٹا تھیلے کی قیمت میں خود ساختہ اضافہ ناقابل قبول ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فلور ملوں میں گندم کی پسائی کے عمل کی مانیٹرنگ مزید سخت کرنے کی ہدایت کی۔