ڈیرہ غازیخان: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی ڈیرہ غازی خان سرکٹ ہاؤس میں آمد جہاں انہوں نے شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا۔ سردار عثمان بزدار نے شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے دعا کی۔
اس موقع پر سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا شجرکاری آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے ضروری ہے، عوام میں شجرکاری کی اہمیت کا شعور بیدار کرنا ہے، پودے کی دیکھ بھال اور حفاظت بھی خصوصی توجہ چاہتی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے اراکین اسمبلی، عمائدین، کارکنوں اور شہریوں سے بھی ملاقات کی۔ سردار عثمان بزدار نے لوگوں کے مسائل سنے، درخواستیں وصول کیں اور موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ ان کا کہنا تھا عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہر شہر جاؤں گا، دورے کرنے سے ہی زمینی حقائق سے آگاہی حاصل ہوتی ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ سازشی عناصر کے ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، سابق دور میں نمائشی منصوبوں کے فیتے کاٹے گئے، ہماری حکومت نے اس غلط روایت کا خاتمہ کیا ہے، کسی کرپٹ اہلکار کو برداشت نہیں کروں گا، پولیس اورانتظامی افسران کو فری ہینڈ دیا ہے۔