لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں 24 گھنٹے کے اندر آٹے کی مقررہ نرخ پر دستیابی کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نے آٹے کے تھیلے کی مقرر کردہ قیمت پر فروخت یقینی بنانے کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک اور انتظامیہ 24 گھنٹے کے اندر مقررکردہ نرخ پر آٹے کی فروخت کیلئے ہر ضروری انتظامی اقدام اٹھائیں اور متعلقہ محکمے آٹے کی سپلائی اور سرکاری قیمت پر ہر صورت عملدرآمد کرائیں۔
انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوز مافیا کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا۔ مقرر کردہ قیمتوں سے زائد نرخوں پر آٹے کی فروخت کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اوور چارجنگ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ فلور ملوں کو سرکاری گندم کی ریلیز کے بعد آٹا تھیلا کی سرکاری قیمت پر عوام کی فراہمی میں تعطل برداشت نہیں کروں گا۔ حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلوں پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور انتظامی ادارے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔
انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ کہ محکمہ خوراک کے حکام اور انتظامی آفیسرز فیلڈ میں نکلیں اور مارکیٹوں میں جا کر صورتحال کا جائزہ لیا جائے۔