لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلی عثمان بزدار کا کہنا ہے شہروں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت انفرا اسٹرکچر کے نئے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی کے بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب پبلک پرائیویٹ پارنٹر اتھارٹی کے انتظامی اور مالی قوانین کی منظوری دی گئی۔ پالیسی اینڈ مانیٹرنگ بورڈ کے دوسرے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔
اجلاس میں نجی شعبے کے اشتراک سے ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ مشیر وزیراعلیٰ ڈاکٹر سلمان شاہ، ایم پی اے خدیجہ عمر، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، اقتصادی امور کے ماہرین، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ نئے ترقیاتی منصوبوں کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے، پی پی پی پراجیکٹس کے لئے انٹرنیشنل بڈنگ پر جائیں گے، راولپنڈی میں ٹریٹمنٹ پلانٹ کی فیزبیلٹی کے لئے کام کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے، 62 کلو میٹر طویل راولپنڈی رنگ روڈ 61 ارب روپے کی لاگت سے پی پی پی موڈ میں مکمل کیا جائے گا۔