لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب اپوزیشن میں توڑ پھوڑ کے لئے متحرک ہوگئے۔ عثمان بزدار سے مسلم لیگ ن کے 6 اور پیپلزپارٹی کے ایک رکن نے ملاقات کی، مسلم لیگ ن نے قیادت سے قانونی کارروائی کے لئے اجازت مانگ لی۔
مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی میاں جلیل احمد شرقپوری، اشرف علی انصاری، نشاط احمد ڈاہا کی وزیراعلی سے ملاقات ہوئی۔ مولانا غیاث الدین، اظہر عباس، محمد فیصل خان نیازی بھی وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کرنے والوں میں شامل ہیں۔ پیپلزپارٹی کے غضنفر عباس لنگاہ وزیراعلی سے ملاقات کرنے والے اپوزیشن کے گروپ میں شریک رہے۔
مذکورہ اپوزیشن ارکان پہلے بھی 2 بار وزیراعلی سردارعثمان بزدار سے ملاقات کرچکے ہیں، ان اراکین پنجاب اسمبلی کو ان کی پارٹی قیادت کی جانب سے شوکاز نوٹسز بھی جاری کئے جاچکے۔ شوکاز نوٹسز کے جواب میں ارکان نے آئندہ اجازت کے بغیر ملاقات نہ کرنے کا یقین بھی دلایا تھا۔
ترجمان مسلم لیگ ن پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ ہمارے 6 ایم پی ایز نے بغیر اجازت وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کی، قیادت کو آگاہ کر دیا گیا اور کارروائی کی اجازت بھی مانگی گئی ہے۔