لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ لیپ ٹاپ کے سامنے بیٹھ کر فوٹو سیشن کرنے والوں نے اپنے دور میں شعبہ صحت کا بیڑا غرق کیا، اپوزیشن والے عملی اقدامات کرتے تو انہیں علاج کیلئے باہر نہ جانا پڑتا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ سستی شہرت کے شوقین شوبازیوں میں مصروف رہے اور عوام معیاری علاج کیلئے ترستے رہے، سابق دور میں ہسپتالوں پر توجہ دی گئی نہ دیہی و بنیادی مراکز صحت پر۔
عثمان بزدارکا مزید کہنا تھا کہ پراپیگنڈا کی سیاست اپوزیشن کا وطیرہ ہے، منفی سیاست کو پروان چڑھانے والی اپوزیشن کی رہی سہی ساکھ بھی ختم ہو چکی ہے، اپوزیشن رہنماؤں کو پوائنٹ سکورنگ چھوڑ کر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، ہماری حکومت نے پہلے دن سے ہی ہیلتھ کیئر سسٹم پر فوکس کیا ہے، ایسا ہیلتھ سسٹم لایا جا رہا ہے جہاں عام آدمی کو بھی معیاری علاج معالجہ ملے گا۔