لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سے مختلف اضلاع کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی اور نئے مالی سال کیلئے ریلیف بجٹ پیش کرنے پر عثمان بزدار کو مبارکباد دی۔ اراکین پنجاب اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا اراکین اسمبلی کے علاقوں میں ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر ہوں گے، جائز کاموں میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا۔ انہوں نے کہا کورونا وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے شدید متاثرہ علاقے سیل کئے، اراکین اسمبلی اپنے علاقوں میں حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کورونا کا پھیلاؤ کم کرنے کے لئے عوام کا بھرپور تعاون ضروری ہے، شہری کورونا سے محفوظ رہنے کے لئے حکومتی گائیڈ لائنز پر عمل کریں، پنجاب میں حالیہ پابندیوں پر عملدرآمد کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں، عوام احتیاطی تدابیر کو عادت بنا لیں، ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر بازار اور مارکیٹس بند کر دیں گے۔
عثمان بزدار نے کہا سرکاری دفاتر سمیت عوامی مقامات پر ماسک پہنے کی پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے، شہریوں کو کورونا کی احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے اپنا فرض نبھانا ہوگا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزراء یاسر ہمایوں، میاں خالد محمود، عمر آفتاب، خرم اعجاز، ، شیر اکبر خان، محمد سبطین رضا، محمد رضا حسین بخاری، سرفراز حسین، شاہدہ احمد اور سبرینہ جاوید شامل تھیں۔ چیف وہپ رکن پنجاب اسمبلی سید عباس علی شاہ اور سیکرٹری گڈ گورننس کمیٹی کرنل (ر) اعجاز حسین منہیس بھی اس موقع پر موجود تھے۔