لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا کا پھیلاؤ کم کرنے کے لئے عوام کا بھرپور تعاون بے حد ضروری ہے، ماسک اور سماجی فاصلہ اپنانے سے کورونا سے بچاؤ ممکن ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے مختلف اضلاع کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کورونا کے باعث زیادہ متاثرہ علاقوں کو بند کر دیا گیا ہے، کورونا کیس ختم ہونے پر بند کئے گئے علاقوں کو کھول دیا جائے گا، عوام ماسک پہنیں اور سماجی فاصلے کی پابندی کو اپنا شعار بنائیں۔
عثمان بزدار نے مزید کہا کہ پنجاب میں کورونا کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، کورونا کے ساتھ احتیاطی تدابیر اپنا کر معمولات زندگی سرانجام دیئے جا سکتے ہیں، کورونا پر قابو پانے کیلئے ہر فرد کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا، حکومتی اقدامات کا مقصد عوام کی حفاظت ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرنے والے ارکان اسمبلی میں سلیم سرور جوڑا، محمد ارشد چودھری، ملک احمد علی اولکھ، میاں شفیع محمد اور آصف مجید شامل تھے۔