پنجاب: وزرا کی کارکردگی، رپورٹ وزیراعظم کو پیش، کابینہ میں تبدیلی کا امکان

Last Updated On 11 June,2020 09:55 am

لاہور: (اخلاق باجوہ سے) بجٹ کے بعد پنجاب کابینہ میں ردوبدل کا قوی امکان، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزرا کی کارکردگی رپورٹ پر محکموں میں ردوبدل کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کابینہ میں ردو بدل اور وزرا کی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ وزیراعظم کو دے دی ، پنجاب کابینہ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کے وزرا کی رپورٹ وزیر اعظم کو جمع کرا دی گئی ہے جس پر مزید بات چیت 13 جون کو وزیر اعظم کے دورہ لاہور کے موقع پر ہوگی۔

وزیراعظم کی منظوری کے بعد پنجاب کے اہم وزرا کے نہ صرف قلمدان تبدیل ہوں گے بلکہ نئے چہرے بھی کابینہ میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کو ایک بار پھر دو حصوں میں تقسیم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی وزارت ڈاکٹر اختر علی ملک کو دیئے جانے کا امکان ہے۔