لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی جس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام، سیاسی صورتحال اور کورونا سے نمٹنے کیلئے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا وزیراعظم کی قیادت میں وفاقی حکومت نے مشکل حالات میں بہترین، متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے، عمران خان، وفاقی وزیر حماد اظہر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، اپوزیشن کو ٹیکس فری بجٹ پر بھی تنقید برائے تنقید زیب نہیں دیتی، بجٹ میں ترجیحات کا درست تعین کیا گیا ہے۔
عثمان بزدار نے کہا موجودہ حالات میں اس سے بہتر بجٹ پیش نہیں کیا جاسکتا، بجٹ میں غریب اور کم وسیلہ طبقات پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی کی تعیناتی کیلئے پوسٹوں کی منظوری دے دی ہے، اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، بہاولپور اور ملتان میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی تعینات ہوں گے، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بہت جلد فنکشنل ہوجائے گا، جنوبی پنجاب کے لوگوں کو کام کے سلسلے میں لاہور کا سفر نہیں کرنا پڑے گا، جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا حق واپس کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا ماضی کے حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا، کئی برس تک انہیں کھوکھلے نعروں کے ذریعے بہلایا گیا، سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے نام پر لئے گئے فنڈ اپنے حلقوں پر لگائے، ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم باب بند کر دیا ہے، تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب کے عوام سے کئے گئے وعدے نبھا رہی ہے، پسماندہ علاقوں کی ترقی پر پورا فوکس ہے، جنوبی پنجاب کیلئے 35 فیصد ترقیاتی فنڈز مختص کیے ہیں، جنوبی پنجاب کے بجٹ کو کسی دوسرے مقصد کیلئے استعمال نہیں کیا جاسکتا، جنوبی پنجاب کے فنڈز وہاں کے عوام کی ترقی اور خوشحالی پر ہی صرف ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور شاہ محمود قریشی نے بھارتی اشتعال انگیزیوں کے واقعات کی شدید مذمت ہے۔ عثمان بزدار نے کہا بھارت بے بنیاد الزامات کی آڑ میں خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے، شہری آبادی پر حملے کے واقعات نہایت قابل مذمت اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے، بھارت بزدلانہ کارروائیاں کر کے کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر انسانی اقدامات کر کے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکا ہے۔
وزیر خاجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے مقامی لوگوں کو ریلیف ملے گا، سیکرٹریٹ کے قیام سے عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے، اس اقدام سے گورننس بہتر ہوگی، بوکھلاہٹ کا شکار بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے خلاف کشمیری جوانوں کی جدوجہد رنگ لائے گی، کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، بھارتی حکومت نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کر کے سفاکیت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔