لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ کرپشن کے 'ٹڈی دل' پاکستان کی بنیادوں کو کھا چکے ہیں، سابق ادوار میں یہ 'ٹڈی دل' پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کرتے رہے۔
لاہور سے جاری اپنے بیان میں وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ماضی کے کرپٹ حکمرانوں کی کرپشن کی داستانیں آج بچے بچے کی زبان پر ہیں، ماضی کی حکومتوں کی کرپشن کے باعث عوام بنیادی سہولتوں سے محروم رہے، پاکستان کو آگے لے جانا کا واحد راستہ ہر سطح سے کرپشن کا خاتمہ ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کرپشن کے بتوں کو پاش پاش کیا ہے، کرپشن کا خاتمہ ہماری حکومت کا سرفہرست ایجنڈا ہے، کرپٹ عناصر کے بے لاگ احتساب سے ہی پاکستان اپنی اصل منزل حاصل کرے گا۔