لاہور: (روزنامہ دنیا) نجی لیبارٹریز میں کورونا ٹیسٹ کے من مانے ریٹس پر پنجاب حکومت حرکت میں آ گئی ، وزیراعلی عثمان بزدار نے نجی لیبارٹریز میں کورونا ٹیسٹ کے مختلف نرخوں کا نوٹس لیتے ہوئے یکساں قیمت مقرر کرنے اور آکسیجن سلنڈر کی ذخیرہ اندوزی پر سخت نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلی پنجاب نے وزیر صحت اور سیکرٹری صحت کو اس ضمن میں ہدایات جاری کر دیں۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ لیبز کو کورونا ٹیسٹوں کے نرخوں کے معاملے پر من مانی کی اجازت نہیں دی جائے گی، آکسیجن سلنڈر کی قیمتوں میں اضافے اورذخیرہ اندوزی میں ملوث کالی بھڑوں کے خلاف متعلقہ ادارے فوری طور پر سخت کارروائی کریں اور کورونا ٹیسٹ کی مناسب فیس مقرر کرکے اس پر عمل کروائیں۔
وزیراعلی نے مزید کہا کہ ہمیں عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے، کسی پرائیویٹ لیب کو عوام کو لوٹنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ واضح رہے کہ کئی نجی لیبارٹریز کورونا ٹیسٹ کی مد میں 7 سے 8 ہزار اور انٹی باڈیز ٹیسٹ کیلئے 2 سے 3 ہزار روپے تک وصول کر رہی ہیں جو عام شہریوں کے بس سے باہر ہے۔ شہریوں کی ایک بڑی تعداد نجی لیبارٹریز کے من مانے ریٹس کے سبب کورونا ٹیسٹ کروانے سے محروم ہیں۔