راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت گلی، محلے اور یوسیز سیل

Last Updated On 18 June,2020 02:40 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی،ملتان، فیصل آباد سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت گلی، محلے اور یوسیز سیل ہیں، صرف دودھ دہی، میڈیکل سٹورز، آٹا چکی، سبزی اور فروٹ کی دکانیں کھلیں ہیں۔

راولپنڈی میں لاک ڈاؤن 18 سے 30 جون تک جاری رہے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق شہر کی یوسی 21 سے یوسی 29 سیل ہیں۔ دودھ دہی، میڈیکل سٹورز، آٹا چکی، سبزی اور فروٹ کی دکانیں کھلی رہیں گی۔۔

فیصل آباد میں حکومتی احکامات کے مطابق سمارٹ لاک ڈاؤن کو کامیاب بنانے میں ضلعی انتظامیہ ناکام ہوگئی۔ 8بازاروں کو سیل کرنے کے احکامات تو جاری ہوئے مگر ان پر عمل درآمد نہ کروایا جاسکا۔

قصور میں کورونا کے بڑھتے کیسز کو روکنے کیلئے یونین کونسلز کو سیل کیا گیا ہے۔ گوجرانوالہ میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا ہے، بیشتر علاقوں میں داخلی و خارجی راستوں پر بیرئیرز لگا کر پولیس تعینات ہے۔

ملتان میں کورونا کے خدشے کے پیش نظر تین علاقوں کو سیل کیا گیا ہے جس میں ایم ڈی اے چوک، شاہ رکن عالم کالونی اور نیو ملتان کے 2 بلاک شامل ہیں۔

خیبر پختونخوا میں بھی کورونا وائرس سے حالات مزید خراب ہوگئے، تین دنوں کے دوران 9 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا، ایبٹ آباد، سوات، نوشہرہ، مردان، چترال اور ملاکنڈ میں گلی اور محلے سیل ہیں۔

پشاور میں اشرفیہ کالونی، یونیورسٹی ٹاؤن، حیات آباد اور شنواری ٹاؤن میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا لیکن عقبی راستوں کو نظر انداز کر دیا گیا۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی تین علاقے سیل ہیں، ان تینوں علاقوں میں پولیس تعینات ہے۔
 

Advertisement