کورونا وباء کا پاکستانی اپوزیشن پر کوئی اثر نہیں ہوا: عثمان بزدار

Last Updated On 25 June,2020 03:03 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا وباء کے باعث پاکستان سمیت پوری دنیا نئے دور میں داخل ہوچکی، پاکستان کی اپوزیشن ماضی میں ہی زندہ ہے، کورونا وباء کا پاکستانی اپوزیشن پر کوئی اثر نہیں ہوا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ اپوزیشن رہنماء پہلے بھی تنقید برائے تنقید کرتے تھے اور آج بھی اسی روش پر چل رہے ہیں، 22 کروڑ پاکستانی عوام اپوزیشن رہنماؤں کے دوغلے چہروں کو پہچان چکے ہیں، آج واویلا کرنے والوں نے اپنے دور میں شعبہ صحت کو بری طرح نظرانداز کیا، یہ لوگ اپنے دور میں ایک بھی ہسپتال ایسا نہیں بنا سکے جہاں یہ اپنا علاج کراسکیں۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا ہماری حکومت نے سب سے زیادہ توجہ شعبہ صحت پر دی ہے، صحت کے بجٹ میں جتنا اضافہ تحریک انصاف کے دور میں ہوا ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی، اپوزیشن جماعتوں کا کورونا وائرس جیسے قومی مسئلے پر بھی پوائنٹ سکورنگ کرنا قابل مذمت ہے، یہ وقت سیاست چمکانے کا نہیں بلکہ اتحاد کا ہے، تحریک انصاف کی قیادت موجودہ حالات میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔
 

Advertisement