لاہور: (دنیا نیوز) رکن صوبائی اسمبلی نشاط ڈاہا نے کہا ہے کہ وہ خود وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے پاس ملاقات کیلئے گئے تھے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ‘’نقطہ نظر’’ میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے معطل رہنما نشاط ڈاہا نے اعتراف کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نے کسی کو ٹیلی فون نہیں کیا کہ میرے پاس آؤ، ان کے پاس ہم خود جاتے ہیں۔
رکن صوبائی اسمبلی نشاط ڈاہا کا کہنا تھا کہ ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب کو حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ان مسائل کو حل کرانے کا وعدہ کیا ہے۔
اس پر ردعمل دیتے ہوئے لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ نشاط ڈاہا کی پارٹی رکنیت پہلے ہی معطل ہے، انھیں شوکاز نوٹس بھی جاری کیا جا چکا ہے۔ وہ اپنا شوق پورا کر لیں اور (ن) لیگ کے بغیر الیکشن لڑ کر دکھائیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نشاط ڈاہا (ن) لیگ کی ٹکٹ کے بغیر کونسلر کا الیکشن نہیں لڑ سکتے۔ ان میں ہمت ہے تو حکومتی بنچوں میں جا کر بیٹھیں۔ اب اگر نشاط ڈاہا اپوزیشن بنچوں میں بیٹھیں گے تو انہیں اٹھا دیا جائے گا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ نشاط ڈاہا جس سے چاہے ملاقات کریں لیکن (ن) لیگ سے استعفیٰ دیدیں۔ ان سے جب بھی بات کریں تو ذاتیات پر بات کرتے ہیں۔