لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ ہم نعروں پر نہیں عمل پر یقین رکھتے ہیں، اللہ نے خدمت خلق کا جو موقع عطا کیا ہے، اسے عبادت سمجھ کر نبھا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سے اراکین قومی اسمبلی راجہ ریاض احمد اور ملک محمد احسان اللہ ٹوانہ نے ملاقات کی، جس میں حلقوں کے مسائل اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان بزدار نے اراکین قومی اسمبلی کو ان کے حلقوں کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا ترقیاتی منصوبوں میں منتخب نمائندوں کی مشاورت شامل ہے، حلقوں کے مسائل حل کرنا اور جاری ترقیاتی سکیموں کی جلد تکمیل اولین ترجیح ہے، تحریک انصاف کی حکومت تمام علاقوں کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا سابق حکمرانوں نے عوام کے بنیادی مسائل کو یکسر نظر انداز کیا، حکومت نے عوام کے بنیادی مسائل کے حل پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے، تحریک انصاف کی حکومت سابق دور کی خرابیوں کو دور کر رہی ہے، سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک اپنی اصل منزل سے دور ہو گیا، ماضی میں قومی وسائل کو نمائشی منصوبوں کی نذر کر کے ملک و قوم سے ظلم کیا گیا۔