وزیراعلیٰ پنجاب کا گریٹر تھل کینال منصوبہ جلد ازجلد شروع کرنے کا حکم

Last Updated On 10 July,2020 05:33 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب کے پانچ اضلاع میں بنجر زمین کو سیراب کرنے کا گریٹر تھل کینال منصوبہ جلد ازجلد شروع کرنے کا حکم دے دیا۔ گریٹر تھل کینال کیلئے ایشین ڈویلپمنٹ بینک 150ملین ڈالر مالی معاونت فراہم کرے گا۔

تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے زیر صدارت گریٹر تھل اور آبپاشی امور میں بہتری کے لئے اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ گریٹر تھل کینال کیلئے اراضی کے حصول کی قانونی کارروائی ترجیحاً مکمل کی جائے۔ اراضی کے حصول کیلئے متعلقہ کمشنرفوری طورپر سروے مکمل کرائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گریٹر تھل کینال کیلئے میرٹ پر اراضی کے نرخ کا تعین کیا جائے اور اراضی مالکان کو شفاف طریقے سے قیمت ادا کی جائے۔ اراضی کے نرخ کی ادائیگی کیلئے ون ونڈو آپریشن شروع کیا جائے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ گریٹر تھل کینال لیہ، بھکر، جھنگ، مظفر گڑھ اور خوشاب کے اضلاع میں خوشحالی لائے گی۔ لاکھوں ایکڑ اراضی سیراب ہوگی اور قومی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔

 

Advertisement