پنجاب حکومت کی این سی او سی کو 9 مختلف سیکٹر کھولنے کی سفارشات کی منظوری

Last Updated On 04 August,2020 03:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے ایس او پیز کے تحت این سی او سی کو 9 مختلف سیکٹر کھولنے کی سفارشات کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر انسداد کورونا کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لئے مختلف اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ پنجاب حکومت نے شادی ہالز، ریسٹورنٹس، ٹورسٹ ریزارٹس، سینما، کلب، پارکس کھولنے کی سفارش کی ہے۔ اجلاس میں بزنس سنٹرز بھی ایس او پیز کے تحت کھولنے کی سفارش کی گئی ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حتمی فیصلہ این سی او سی کے اجلاس میں ہوگا۔

خیال رہے پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار 461 ہوگئی۔ مہلک وائرس نے 15 افراد کی جان لے لی، جس کے بعد اموات کی تعداد 5 ہزار 999 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 432 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 93 ہزار 336، سندھ میں ایک لاکھ 21 ہزار 705، خیبر پختونخوا میں 34 ہزار 253، بلوچستان میں 11 ہزار 777، گلگت بلتستان میں 2 ہزار 198، اسلام آباد میں 15 ہزار 95 جبکہ آزاد کشمیر میں 2 ہزار 97 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 20 لاکھ 31 ہزار 955 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 ہزار 690 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 2 لاکھ 49 ہزار 397 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 146 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 15 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 5 ہزار 999 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 153، سندھ میں 2 ہزار 226، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 208، اسلام آباد میں 167، بلوچستان میں 136، گلگت بلتستان میں 55 اور آزاد کشمیر میں 54 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement