اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے قواعد وضوابط پر عملدرآمد پر زور دیا ہے۔
تفصیل کے مطابق قدرتی آفات سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے قومی ادارے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے کئے گئے دانشمندانہ اقدامات کے نتیجے میں کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور وبا سے ہونے والی اموات کے تعداد نہایت کم ہو گئی ہے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے لئے قواعد وضوابط پر عملدرآمد پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے آکسیجن کی فراہمی کی سہولت سے منسلک مزید تین ہزار بیڈز کا اہتمام کیا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے بتایا کہ پاکستان میں اس وقت وافر مقدار میں وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں جبکہ سات لاکھ سے زائد حفاظتی آلات کا سٹاک موجود ہے اور تقریباً ایک سو اکتالیس لیبارٹریاں کورونا ٹیسٹ کر رہی ہیں۔