نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد انہیں نئی دہلی کے ایک ہسپتال میں داخل کروایا دیا گیا ہے۔
انہوں نے سماجی رابطے کی وہب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں اپنی بیماری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں ان تمام افراد سے درخواست کرتا ہوں جو گزشتہ چند روز کے دوران مجھ سے قریب رہے، وہ خود کو سب سے علیحدہ کرکے اپنا ٹیسٹ کرائیں۔ خیال رہے کہ بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ نے کچھ روز قبل وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شرکت کی تھی۔
ادھر خبریں ہیں کہ ریاست اترپردیش سے تعلق رکھنے والی کی خاتون وزیر کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہو گئی ہیں۔ آنجہانی وزیر کمل رانی ورون کی عمر 62 سال تھی۔ وہ لکھنؤ کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھیں جہاں ان کا انتقال ہو گیا۔
ادھر تامل ناڈو کے گورنر بنواری لال پروہت میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جنہیں چنئی کے ایک ہسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔ خیال رہے کہ مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ میں بھی کورونا وائرس کی وجہ سے ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
بھارت میں آج 50 ہزار سے زائد لوگوں میں کورونا کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ انڈٰین وزارت صحت کے مطابق اتوار کو 54 ہزار 735 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ مجموعی طور پر ساڑھے 17 لاکھ بھارتی اس مرض میں لاحق ہو چکے ہیں۔ گزشتہ ماہ جولائی میں ملک بھر میں 11 لاکھ کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔