اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایل این جی کیس میں نیب کی جانب سے نامکمل ضمنی ریفرنس جمع کرائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، رجسٹرار احتساب عدالت نے ایل این جی ضمنی ریفرنس پر اعتراض لگا کر واپس کر دیا۔
نیب راولپنڈی کی جانب سے 2 دن قبل احتساب عدالت اسلام آباد میں دائر کردہ ایل این جی ضمنی ریفرنس میں نامکمل دستاویزات، غلط نمبرنگ کا بھی انکشاف ہوا جس کے بعد رجسٹرار احتساب عدالت نے نیب کو ایل این جی ضمنی ریفرنس درستگی کے بعد دوبارہ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
نیب نے ایل این جی ضمنی ریفرنس میں شاہد خاقان عباسی سمیت 15 ملزمان کو نامزد کیا تھا۔ ملزمان میں مفتاح اسماعیل، شاید خاقان عباسی کے بیٹے عبداللہ شاہد خاقان، شیخ عمران الحق شامل ہیں۔ احتساب عدالت نے ریفرنس نامکمل ہونے کی وجہ سے ملزموں کو نوٹس جاری نہ کیے، رجسٹرار کے مطابق ریفرنس مکمل اور درست جمع ہونے پر ملزمان کو طلبی کے نوٹس جاری کیے جائیں گے۔