اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے کلبھوشن یادیو کیس کی آئندہ سماعت کیلئے لارجر بینچ تشکیل دے دیا۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتنل لارجر بینچ 3 ستمبر کو کیس کی سماعت کرے گا۔ گذشتہ سماعت پر عدالت نے لارجر بنچ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا جس کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ نے 3 ستمبر کے لیے فریقین کو نوٹس بھی جاری کر دیے ہیں۔
عدالت نے کلبھوشن اور بھارت کو وکیل کرنے کی دوبارہ پیشکش کا بھی حکم دے رکھا ہے۔ اٹارنی جنرل 3 ستمبر کو بھارت اور کلبھوشن کے جواب سے آگاہ کریں گے۔ کیس میں سینئیر وکلاء عابد حسن منٹو، حامد خان اور مخدوم علی خان عدالتی معاونین بھی مقرر ہیں۔