وزیراعظم سےبل گیٹس کا رابطہ،کوروناوائرس کیخلاف پاکستان کی کوششوں کی تعریف

Last Updated On 11 August,2020 11:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اور مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے کورونا وائرس کی صورتحال اور پولیو مہم پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے بل گیٹس کو پاکستان میں کوویڈ 19 کی بہتر صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کی سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی بہت کارآمد ثابت ہوئی، بروقت موثر حکمت عملی سے صحت اور معیشت پر کورونا کے اثرات کو کم کرنے میں مدد ملی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے دوران بل گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون سے پاکستان کو بہت مدد ملی۔ پولیو کے لئے قائم انفراسٹرکچر سے کورونا کا موثر مقابلہ کیا۔

 

اس موقع پر مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کا کہنا تھا کہ پولیو کے خاتمے کے لئے پاکستان میں مہم کا دوبارہ آغاز حوصلہ افزا ہے۔ امید ہے کہ مہم کے دوران کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے مناسب احتیاط اختیار کی جائے گی۔

بل گیٹس کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے مقابلے کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ پاکستان نے کورونا کے دوران پسماندہ طبقات کی موثر دیکھ بھال کی۔
 

Advertisement