کراچی: (دنیا نیوز) کراچی سمیت سندھ بھر میں کریکر حملوں کے معاملہ پر تفتیشی حکام نے دہشت گرد گروپوں کیخلاف کارروائی تیز کر دی ہے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں ملوث گروپوں کو بھارتی خفیہ ایجنسی ‘’را’’ کی فنڈنگ کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ چند روز میں سندھ بھر میں 8 سے زائد کریکر حملے ہوئے، زیادہ تر حملوں میں روسی ساختہ دستی بم استعمال کئے گئے۔
حکام نے بتایا کہ کراچی کے علاقے گلشن حدید، حب چوکی، منزل پمپ، گلستان جوہر، لیاقت آباد، گھوٹکی اور لاڑکانہ میں کریکر حملے ہوئے۔ ان تمام مقامات پر سیریل کریکر حملے کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق حملوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی ‘’را’’ کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں جبکہ مقامی دہشتگرد نیٹ ورک نے حملوں میں معاونت کی۔ ان حملوں کا مقصد یوم پاکستان کی سرگرمیوں کو سبوتاژ کرنا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سندھ بھر میں چھاپے مار کر 12 افراد کو حراست میں لیا ہے۔