کندھ کوٹ: (دنیا نیوز) کندھ کوٹ بائی پاس کے مقام پر فش فارم میں زہریلا پانی شامل ہونے سے ہزاروں کی تعداد میں مچھلیاں مر گئیں، فارم مالک کو لاکھوں روپے کا نقصان ہو گیا۔
کندھ کوٹ بائی پاس نیو سبزی منڈی کے مقام پر دو سو ایکڑ اراضی پر مشتمل فش فارم میں زہریلا پانی مکس ہونے سے سینکڑوں کی تعداد میں مچھلیاں مر گئیں ہیں زہر آلود پانی جانوروں اور آبی حیات کے لیے بھی خطرہ لاحق ہوگیا ہے فش فارم کے کنارے پڑی مری ہوئی مچھلیوں سے علاقے میں تعفن پھیل گیا ہے لیکن ضلعی انتظامیہ اور میونسپل انتظامیہ کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں۔
دوسری جانب فش فارم کے مالک سائیں بخش سبزوئی نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے فش فارم میں میونسپل انتظامیہ کی جانب سے شہر کے سیوریج کا گندا پانی چھوڑا جا رہا ہے جس کی وجہ سے فش فارم کا پانی زہریلا ہونے سے لاکھوں روپے مالیت کی مچھلیاں مر کر تباہ ہو گئی ہیں جس سے ان کو لاکھوں روپے کا نقصان ہونے سے ان کا معاشی قتل کر دیا گیا ہے۔
ان کہنا تھا کہ فش فارم میں سیوریج کا گندا پانی شامل نہ کرنے کی کئی بار ضلعی انتظامیہ کو شکایتیں بھی کی لیکن کوئی شنوائی تک نہیں ہوئی انہوں سندھ حکومت اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فش فارم میں شامل ہونے سیوریج کا پانی بند کر کے انصاف کیا جائے۔