کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے وفاقی حکومت کے فیصلوں پر عمل درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبے بھر میں 10 اگست سے کاروبار کھول دئیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس میں وفاقی حکومت کے فیصلوں پر سندھ حکومت نے عمل درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے صوبے میں 10 اگست سے کاروبار کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، 10اگست سے تمام ریسٹورنٹس کھول دئیے جائیں گے، ریسٹورنٹس میں کھانے پینے کی بھی اجازت بھی ہوگی، ریسٹورنٹس رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔
اجلاس میں سیکریٹری صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا ڈبلیو ایچ او نے اپنی سفارشات دی ہیں، ہمیں کرونا کیساتھ رہنا ہوگا، جب تک اس کی ویکسین تیار نہ ہو جائے۔ مراد علی شاہ نے کہا کل شہرکے دورے پر تھا، کسی کو ماسک پہنا ہوا نہیں دیکھا، ہمیں لوگوں کے رویوں میں تبدیلی لانی ہوگی، ہم سکولز، ریسٹورنٹ، درگاہیں، کاروباری سرگرمیاں کھولیں گے، ریسٹورنٹس کو رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔