کراچی: (دنیا نیوز) مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت نے دو سال میں صرف تباہی مچائی، آٹا، چینی سمیت ہر چیز کے دام آسمان پر پہنچا دیئے گئے، یہ چاہتے ہیں غریب صرف سانس پر گزارہ کرے۔
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا منظور نظر مافیاز آج وزیراعظم کے اردگر بیٹھے ہیں، کراچی کو 165 ارب روپے دینے کا وعدہ پورا نہیں ہوسکا۔ انہوں نے کہا سی پیک پیپلزپارٹی کا وژن تھا، پی ٹی آئی میں اتنی اخلاقی جرات نہیں کہ اس بات کا اعتراف کرے، سی پیک کا معاہدہ آصف زرداری کی موجودگی میں پیپلزپارٹی دور میں ہوا۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا 2018 کے بعد ایکسپورٹس میں کمی آئی، ریونیو اکٹھا کیے بغیر کوئی ریاست اپنے معاملات حل نہیں کرسکتی، عمران خان کو موقع ملا پرائیویٹ سیکٹر سے چیئرمین ایف بی آر لاسکتے ہیں، 2019 میں پہلی بار ٹیکس ریونیو کم ہو کر 3.2 کھرب ہوگیا، 2018 میں ریونیو کلیکشن 3.84 کھرب روپے تھی۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا اگست 2018 میں ڈالر 124 روپے کا تھا اب 168 روپے ہے، 2018 میں ڈی جی پی گروتھ 5.5 فیصد تھی، 2020 میں پی ٹی آئی حکومت نے 3.96 کھرب روپے ٹیکس کلیکشن کی، سندھ حکومت نے مشکلات کے باوجود 105 ارب روپے ٹیکس کلیکشن کی۔ انہوں نے کہا 17 اگست 2018 میں سٹاک ایکس چینج کا انڈیکس 42 ہزار 446 تھا، پی ٹی آئی دور میں سٹارک مارکیٹ 28 ہزار پوائنٹس تک گری۔