کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ سے سبی جانے والی مسافر وین مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی، حادثے میں 10 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہو گئے۔
حادثہ مٹھڑی کے مقام پر پیش آیا۔ المناک حادثے میں وین مکمل تباہ ہو گئی۔ لیویز فورس، ایدھی ایمبولنس اور دیگر ریسکیو اداروں نے جاں بحق افراد اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا۔
صورتحال کے پیش نظر سبی ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں سات مرد، دو بچے اور ایک خاتون شامل ہے جن میں سے پانچ کی شناخت کر لی گئی ہے۔
ادھر راولپنڈی کے علاقے مندرہ چکوال روڑ جاتلی سٹاپ کے قریب کار کی ٹکر سے دو موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گئے جبکہ کار ڈرائیور کو پیڑولنگ پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔
ریسکیو کے مطابق مندرہ چکوال روڑ پر تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں موٹر سائیکل 34 سالہ سید یاسر رضا اور 31 سالہ طیب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو نے جاں بحق ہونے والے دو افراد کی لاشیں تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال گوجر خان منتقل کر دی ہیں۔ پیڑولنگ پولیس نے کار ڈرائیور کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی کے لئے تھانے منتقل کیا۔
مقامی افراد کے مطابق جاں بحق موٹر سائیکل سوار سید کسراں کے رہائشی ہیں اور کام کے سلسلے میں جاتلی جا رہے تھے۔