اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے یوم عاشور پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ حضرتِ امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شہادت حق کی فتح کا استعارہ ہے۔
اپنے پیغام میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ یوم عاشور بڑی سے بڑی آزمائش کا مقابلہ کرنے کا جذبہ صادق عطا کرتا ہے، اس واقعہ عظیم سے سبق ملتا ہے کہ باطل قوتوں کے مقابلے کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کرنا چاہیئے، آج اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم اسوہ حسینؓی پرعمل پیرا رہیں گے اور فرقہ واریت و مذہبی منافرت بالائےطاق رکھ کر ملکی ترقی کے لیے کام کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج مسلمان اس عظیم قربانی کی یاد تازہ کررہے ہیں جو باطل قوتوں کے مقابل برسرپیکار ہونے کے سبب حق کی سربلندی کیلئے دی گئی، اس موقع پر بھارتی سامراج سے برسرپیکار عوام کی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرنا چاہیے جنہوں نے حق پر قائم رہتے ہوئے سنتِ امام حسینؓ کو زندہ رکھا، کربلا کی طرح کشمیر کو بھی معرکہ حق و باطل کی ایک عظیم مثال بناد یا۔
وزیراعظم نے قوم سے اپیل کی کہ محرم الحرام کی تقاریب میں کورونا کی احتیاطی تدابیر پرعمل کریں۔