کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں بلڈر مافیا اور کرپشن کے بوجھ سے ایک اور عمارت گرگئی، ملبے تلے دب کر 4 افراد جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوئے۔ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا۔ ٹریفک پولیس اہلکار کی بیوی، بیٹا اور بیٹی مرنے والوں میں شامل ہیں۔
نااہلی، کوتاہی اور کرپشن کراچی میں ایک اور حادثے کا سبب بن گئی۔ کورنگی اللہ والا ٹاؤن میں 4 منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی۔ حکام کے مطابق عمارت غیر قانونی طور پر کھیل کے میدان پر بنائی گئی تھی جو مخدوش ہوچکی تھی۔
برسات کے بعد دراڑیں پڑنے پر کچھ مکینوں نے عمارت خالی بھی کر دی تھی تاہم کئی خاندان اب بھی رہائش پذیر تھے۔ عمارت کے ملبے سے محموعی طور پر 4 لاشیں اور 7 زخمیوں کو نکالا جاچکا ہے۔ حادثے سے کچھ دیر قبل گھر خالی کر دینے والا خوش قسمت خاندان بال بال بچ گیا۔
بلڈنگ گرنے سے ملحقہ عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا جنہیں خالی کرا دیا گیا تاہم علاقہ مکینوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ حادثے کے بعد فوج کے جوانوں سمیت پولیس اور رینجرز کی نفری پہنچی اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ سراغ رساں کتوں اور سکینرز کے ذریعے ملبے تلے دبے افراد کو تلاش کیا گیا۔
ایس بی سی اے حکام نے بلڈنگ غیر قانونی قرار دے کر جان چھڑالی۔ حکام کے مطابق عمارت کھیل کے میدان پر چائنہ کٹنگ کر کے بنائی گئی، کوئی نقشہ بھی پاس نہیں کرایا گیا۔