'وفاق کی 362.9 ارب کی شراکت داری، ترقیاتی پیکج میں 749.9ارب سندھ کے ہیں'

Published On 08 September,2020 01:38 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ت) ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ ماضی میں کراچی کیلئے کیے گئےاعلانات پورے نہیں ہوئے، وفاقی وزرا نے کہا 62 فیصد وفاق اور38 فیصد سندھ حکومت کا ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے تو 802 ارب روپے کا اعلان پہلے ہی کر دیا تھا۔

 کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ وفاق کی جانب سے 362.9 ارب روپے کی شراکت داری ہے جبکہ وفاق کراچی میں 62 فیصد شراکت داری کا کریڈٹ لے رہا ہے، ترقیاتی پیکج میں 749.9 ارب روپے سندھ حکومت کے ہیں، وفاقی حکومت سالانہ 33 ارب روپے انویسٹ کرے گی، باقی رقم پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت دی جائے گی۔

ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ وفاق پر الزامات نہیں لگا رہا، ریکارڈ کی درستگی کرنا چاہتا ہوں، وفاق کم سے کم رقم دے رہا ہے، زیادہ کاوش تو سندھ کی ہے۔ جب تک وفاق کراچی میں دلچسپی نہیں لے گا، شہر کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی صرف سندھ کا دارالخلافہ ہی نہیں، معاشی حب بھی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے متاثرین کی مدد کیلئے وزیراعظم کو خط لکھا، مراد علی شاہ نے وزیراعظم سے زرعی قرضوں کی معافی کی درخواست بھی کی، سندھ حکومت وفاقی حکومت کی طرف دیکھ رہی ہے۔ ماضی میں کراچی کیلئے کیے گئے اعلانات پورے نہیں ہوئے۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو خود متاثرہ علاقوں کا دورہ کررہے ہیں، صوبے کے 20 اضلاع کو آفت زدہ قراردیا گیا ہے، بدین، سانگھڑ، میرپورخاص میں بارشوں سے شدید نقصان ہوا، سندھ حکومت کی طرف سے متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری ہے۔

 

Advertisement