اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی طرف سے کراچی کے لیے اعلان کیے گئے 1113 ارب روپے کہاں خرچ ہونگے ؟ اس کی تفصیلات وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کراچی کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے 11 سو ارب روپے کے پیکج کا اعلان کردیا جس میں وفاقی اور صوبائی حکومت دونوں تعاون کریں گی۔
کراچی کے خصوصی دورے کے موقع پر شہر کے لیے اقدامات کے حوالے سے خصوصی اجلاس کی سربراہی کے بعد وزیراعظم نے سندھ کے گورنر عمران اسمٰعیل اور وزیراعلٰی مراد علی شاہ کے ہمراہ نیوز کانفرنس کی۔
وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے لیے 1113 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں۔ شہر قائد میں واٹر سپلائی منصوبوں کے لیے 92 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کا کراچی کیلئے 1100 ارب روپے کے پیکج کا اعلان
وزیراعظم آفس کے مطابق سیوریج ٹریٹمنٹ پر 141 ارب روپے خرچ ہونگے، آفس سولڈ ویسٹ مییجمنٹ، نکاسی آب کے لیے 267 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، سڑکوں کی بحالی اورنئی سٹرکوں کی تعمیر پر 41 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔
شہر قائد کے لیے اعلان کردہ ماس ٹرانزٹ، ریل اور روڈ ٹرانسپورٹ کے لیے 572 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اس سے قبل وزیراعظم نے کراچی کیلئے 1100 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مسئلے سے نمٹنے کیلئے کوآرڈی نیشن ضروری ہے، شہر قائد کے مسائل کے حل کیلئے عملدرآمد کمیٹی بنائی ہے، تمام فیصلے صوبائی رابطہ عملدرآمد کمیٹی کے فورم پر ہوں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کراچی کے مسائل کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی، کراچی کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کریں گے، کراچی میں بارشوں سے تباہی مچ گئی، بارشوں سے پہلے کورونا کا چیلنج تھا، کورونا وائرس کے حوالےمرحلہ بہت مشکل تھا، کورونا سے نمٹنے کیلئے ہم نے کمیٹی بنائی، ٹڈی دل کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے بھی کمیٹی تشکیل دی گئی، بارشوں سے بلوچستان اور دیگر اضلاع متاثر ہوئے، سیلاب نے بلوچستان، اندرون سندھ اور سوات میں تباہی مچائی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی صورتحال: وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، ڈی جی آئی ایس آئی کی بھی شرکت
عمران خان کا کہنا تھا کراچی کے لوگوں نے مشکل وقت کا سامنا کیا، کراچی والوں کیلئے پینے کا پانی بڑا مسئلہ ہے، نالے، نکاسی آب، بے گھر افراد، سالڈویسٹ کے مسائل ہیں، شہر قائد میں ٹرانسپورٹ کے ساتھ سڑکوں کا بھی مسئلہ ہے، این ڈی ایم اے نالوں سے تجاوزات کا خاتمہ کر رہی ہے، کراچی کی سڑکیں اور دیگر انفرا اسٹرکچر کا مسئلہ حل کرنا ضروری ہے، کراچی سرکلر ریلوے بھی مکمل کریں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا وزیراعلیٰ نے اندرون سندھ سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق آگاہ کیا، ہم نے مل کر کورونا سے نمٹنے کیلئے اقدامات کیے، کراچی کے مسائل کے حل کیلئے بھی مل کر کام کریں گے۔