کراچی: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ وفاق کو گالی دینے سے کسی کے مسئلے حل نہیں ہونگے، سندھ حکومت کو عملی اقدامات کرنا ہونگے، اندرون سندھ میں حالات بہت تکلیف دہ ہیں۔
سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اندرون سندھ کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے آ رہا ہوں، سب جگہ صورتحال ایک جیسی ہی ہے، بارشوں سے سندھ میں تباہی مچا دی ہے، سابق صدر آصف علی زرداری کے حلقے سے مریض کو ریڑھے پر ڈال کر ہسپتال لایا جارہا ہے، سندھ حکومت کے پاس اختیارات ہیں لیکن انکا کوئی بھی ادارہ دیکھائی نہیں دیتا صرف ہیلی کاپٹر دکھائی دیتا ہے۔
حلیم عادل شیخ نے وفاق اور صوبائی حکومتوں سے اپیل کی کہ سندھ کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں، سندھ کی عوام صوبائی حکومت سے جب پوچھتی ہیں کہ ہمارے لئے کچھ لائے ہیں تو کہا جاتا ہے کہ وفاق دے گا، کراچی کی طرح اندورن سندھ کے علاقوں کی ترقی کے لئے حکمت عملی بنا رہے ہیں۔