اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ہفتے سے افغان دھڑوں کے درمیان مذاکرات کے آغاز کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔
انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ ہماری مشترکہ کوششوں سے بالآخر وہ دن آ گیا ہے جس کا افغان عوام عرصے سے انتظار کر رہے تھے۔ عمران خان نے کہا کہ افغان باشندوں نے چالیس سال سے زائد عرصے سے مسلسل تنازعے اور خونریزی کی وجہ سے بہت نقصان اٹھایا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے واقعات، قیمتی جانوں کے ضیاع اور بڑے پیمانے پر معاشی نقصانات برداشت کئے ہیں۔ وہ طویل عرصے سے کہتے رہے ہیں کہ افغان تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں اور مذاکرات کے ذریعے ہی اس کے سیاسی حل کی طرف بڑھا جا سکتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان نے اس اہم مرحلے پر اپنی انتھک کوششوں کے ذریعے افغان امن عمل میں سہولت فراہم کرکے اہم کردار ادا کیا۔ آج ہم اپنے حصے کی ذمہ داری ادا کرکے انتہائی فخر محسوس کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اب یہ افغان رہنماؤں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جامع اور وسیع البنیاد سیاسی حل کی تلاش کیلئے مل کر تعمیری طور پر کام کریں۔
عمران خان نے کہا کہ افغانوں کی سربراہی میں افغان امن اور مفاہمتی عمل کی کامیابی نہ صرف افغانستان بلکہ علاقائی امن و استحکام اور خوشحالی کیلئے ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امن و ترقی کی جانب افغان عوام کے سفر کی مکمل حمایت اور یکجہتی جاری رکھے گا۔