وزیراعظم کا سمندر پار پاکستانیوں پر شعبہ تعمیرات میں سرمایہ کاری پر زور

Published On 10 September,2020 08:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ راوی فرنٹ ترقیاتی منصوبے سمیت دیگر نئے مجوزہ بڑے تعمیری شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔

وزیراعظم نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ایک بڑا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے ان کیلئے سازگار حالات پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وہ ملک کی ترقی کیلئے کام کر سکیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قرضے، حسابات جاریہ کا خسارہ اور تجارتی فرق جسے بڑے مسائل کا واحد حل اقتصادی سرگرمیوں کے ذریعے آمدن پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعمیری صنعت اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں کیونکہ 30 سے زائد مقامی صنعتیں اس سے براہ راست وابستہ ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مراعات کے اعلان کے بعد کورونا کی وجہ سے ہماری درآمدات اور برآمدات میں فرق کم ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ روشن ڈیجیٹل اکاونٹ اسٹیٹ بنک کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے بڑا اقدام ہے جس میں پاکستان کے کمرشل بنکوں کا تعاون بھی شامل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کی تاریخ میں پہلی بار مکمل طورپر ڈیجیٹل اور آن لائن عمل کے ذریعے دور دراز علاقوں میں اکاونٹ کھول سکیںگے جس کیلئے کسی بینک کی شاخ ، سفارتخانے یا قونصلیٹ جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
 

Advertisement