لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت میں شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہباز شریف کی بیٹی جویریہ علی نے مستقل حاضری معافی کی درخواست دائر کر دی۔ عدالت نے درخواست پر نیب سے 14 ستمبر تک جواب طلب کرلیا۔
احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن شہباز شریف کی صاحبزادی جویریہ علی کی درخواست پر سماعت کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ نیب کی جانب سے منی لانڈرنگ ریفرنس میں نامزد کیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ عدالت میں پیشی کے موقع پر رش اور دھکم پیل کی صورتحال ہوتی ہے جبکہ ٹرائل ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے، عدم پیشی سے ٹرائل میں رکاوٹ نہیں آئے گی لہذا عدالت سے استدعا ہے مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور اور حاضری کے لیے نمائندہ مقرر کرنے کا بھی حکم دیا جائے۔
احتساب عدالت کے جج جواد الحسن جویریہ علی کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 سمتبر تک جواب طلب کر لیا ہے۔ نیب کی جانب سے منی لانڈرنگ کا باقاعدہ ریفرنس دائر کر دیا گیا جس میں 16 ملزمان جبکہ 110 گواہوں کو نامزد کیا گیا ہے۔