لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف کو آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں خطاب کرنے دیں کیونکہ اس کانفرنس میں کوئی بڑا فیصلہ نہیں جا رہا۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’اختلافی نوٹ‘‘میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث بھگوڑوں کی تقریریں دکھانے کا حامی ہوں، اصل فیصلہ حکومت کا ہو گا۔ نواز شریف کو باہر بھیجنے کا حامی تھا، سمجھتا ہوں جوباہرجانا چاہتا ہے جانے دیا جائے۔ کرپٹ لوگ ہمیں ذلیل خوار کر گئے، سابق وزیراعظم کو کل کہنا چاہیے پاکستانیوں پارک لین کے فلیٹ آپ کے پیسے لوٹ کربنائے۔
بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی نے اے پی سی کونہیں روکا، کل پتا چلے گا اے پی سی یا اے بی سی ہے۔ نوازشریف اگرپہلے اسمبلیوں سے نکلیں گے توپھرسمجھوں گا لڑائی شروع ہوگئی۔
پروگرام میں بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کرپٹ سیاست دانوں نے جتنا لوٹنا تھا لوٹ چکے، سیاست دان کوسیاست کی خارش ہوتی رہتی ہے ہے۔ اسمبلیوں سے استعفے دیئے بغیرٹانگیں نیچے یا اوپرکرلیں،کچھ نہیں ہوگا۔ مولانا فضل الرحمان میرے پیر بھائی اورشہبازشریف کا میری پارٹی سے تعلق ہے۔
انہوں نے پیشنگوئی کرتے ہوئے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری کا موقف سافٹ ہوگا۔ ن لیگ اور مولانا فضل الرحمان ایک پیج پرہونگے۔ دونوں فریقین تحریک چلا لیں کچھ نہیں ہو گا۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ پاکستان کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے، فیٹف قانون سازی ہوگئی اب ان سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان کوروناوائرس، بھارت کی جنگ، فیٹف سے نکل گیا ہے۔ فیٹف قانون سازی،ادارے بھی چاہتے تھے کہ درمیانی راستہ نکالا جائے، عمران خان ڈٹا رہا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ متحدہ بانی بھی عدالتوں کومطلوب اوربھگوڑا ہے۔ لندن تمام بھگوڑوں کا ہیڈکوارٹرہے۔ متحدہ بانی،نوازشریف،اسحاق ڈار،سلمان شہبازبھگوڑے ہیں، اگرنوازشریف میں ملک کے لیے اگردرد ہے توکل واپسی کا اعلان کرے،برطانوی حکومت سے تمام بھگوڑوں کی واپسی کا مطالبہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے مسلم لیگ ن سے سوال کرتے ہوئے پوچھا کہ نوازشریف، مریم نواز ایک سال سے کیوں خاموش تھے؟ شہبازشریف بھی جیل جائے گا اور(ن)لیگ سے(ش)لیگ نکلے گی، یقین ہے 30 دسمبرسے پہلے(ن)سے (ش)الگ ہوگی۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ یہ کیمرہ،کیمرہ اورجلسہ جلسہ کھیلیں گے توحکومت کی کارکردگی مزید بہترہوگی۔ اعتراف کرتا ہوں ملک میں مہنگائی ہے۔
جے یو آئی (ف) کے امیر سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی اپوزیشن سے ضد ہے کہ میثاق جمہوریت کی طرح معاہدہ کیا جائے کل یہ معاہدوں پردستخط کرسکتے ہیں، اگر مولانا کا بیٹا اسمبلی سے استعفی دے گا توپھرمانوں گا؟
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہبازشریف سوچ کرآئے تھے کورونا وائرس کے دوران لاشوں کے ڈھیر ہوں گے، وزیراعظم نے کورونا کے دوران بہترین حکمت عملی اپنائی، اے پی سی ٹائیں ٹائیں فش ہو گی۔